کسی طالع آزما کو جمہوری نظام کی بساط لپیٹنے نہیں دینگے،شیخ شاہجہاں

کراچی (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے سابق سینئر نائب صدر اور میاں محمد نواز شریف کے معتمد خاص حاجی شیخ محمد شاہجہاں، کراچی کے صوبائی اسمبلی کے حلقے PS-102 سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدوار یاسر عدیل شیخ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نا اہل اور نکمے حکمران ریاست کے ہر ادارے کے ساتھ ٹکراو کی پالیسی پر چل کر اپنے اقتدار کو طول دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نیب ، عدلیہ بلدیاتی ادارے سب کو نشانے پر رکھ کر تحریک انصاف کی کوشش ہے کہ کوئی تیسری قوت اٹھے اور عمران خان کو سیاسی شہید بنا کر دوبارہ اقتدار میں آنے کی راہ ہموار کردے۔ لیکن پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت کسی طالع آزما کو جمہوری نظام کی بساط لپیٹنے کی اجازت نہیں دے گی۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے سابق نائب صدر شیخ محمد شاہجہاں اور یاسر عدیل شیخ نے اپنے دفتر میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی سوشل میڈیا ٹیم کے اراکین ذیشان، انیہا، ماریہ، عمران شریف، سردار ریحان، عامر شیخ، اسماعیل، عبید عباسی اور حماد حبیب کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی اداروں کو مزید ٹوٹ پھوٹ اور دشنام طرازی سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ میاں محمد نواز شریف کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات داخل دفتر کئے جائیںکیونکہ قائد نواز شریف کو بلا تاخیر رہا نہ کیا گیا تو نا اہلوں کا ٹولہ عدلیہ سمیت ریاست کے تما م اداروں کے ساتھ محاذ آرائی شروع کر دے گا۔نکمے اور نا اہل حکمرانوں کے ہاتھوں عوام اور ریاست کو مزید نقصانات سے بچانے کے لئے محترمہ مریم نواز شریف کی قیادت میں عبوری حکومت کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے۔۔

ای پیپر دی نیشن