پشاور+کراچی(نوائے وقت رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان) رابطہ کمیٹی کے سینئر رکن فیصل سبزواری اہلخانہ سمیت کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ٹویٹر پر جاری پیغام میں فیصل سبزواری نے بتایا کہ گزشتہ دنوں میرے والدین، زوجہ اور دو بیٹیاں کرونا میں مبتلا ہوئے، آج میرا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری نے بتایا کہ اہلخانہ میں صرف منجھلی بیٹی اور ان کی دوسری اہلیہ مدیحہ کے کرونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ انہوں نے تمام احباب سے دعا کی درخواست کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں کیونکہ ہسپتالوں میں جگہ کی شدید قلت ہے۔ پی پی سینیٹر مولا بخش چانڈیو بھی مہلک وبا سے متاثر ہیں۔ جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید، ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ کا ٹیسٹ بھی پازیٹو آیا۔ مسلم لیگ ن کے ایم پی اے جمشید مہمند کرونا میں مبتلا ہو گئے۔ مردان سے تعلق رکھنے والے جمشید مہمند نے بتایا کہ گزشتہ کئی دنوں سے گلے میں درد اور سانس میں تکلیف کا مسئلہ تھا۔ علامات ظاہر ہونے پر ڈاکٹر نے کرونا ٹیسٹ تجویز کیا جو مثبت آیا ہے۔ خود کو قرنطینہ کر لیا، عوام سے دعا کی اپیل ہے ۔ کرونا کو مذاق مت سمجھیں۔