اسلام آباد(نیوزرپورٹر+وقائع نگار خصوصی+اے پی پی) قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاس (آج) جمعہ سے شروع ہوں گے۔ سینیٹ کا اجلاس آج صبح دس بجے ہوگا اور قومی اسمبلی کا اجلاس شام چاربجے ہوگا۔سینیٹ سیکرٹریٹ نے اجلاس کیلئے ایجنڈا جاری کر دیا ہے۔ سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا تیرہ آئٹمز پر مشتمل ہے اجلاس میں اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور مراعات سے متعلق بل پیش ہوگااراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور مراعات سے متعلق بل بابر اعوان پیش کرینگے اجلاس میں مختلف مجالس قائمہ کی رپورٹس بھی پیش کی جائیں گی۔ کرونا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش ِنظر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے 5 جون سے شروع ہونے والے سینیٹ کے اجلاس کیلئے وزارت صحت اور عالمی ادارہ برائے صحت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پرمکمل عملدرآمد کی ہدایت کی ہے اور اجلاس کے انعقاد کیلئے مؤثر انتظامات کی بھی ہدایت جاری کی ہے ۔ان انتظامات کے مطابق پارلیمان کا اجلاس باقاعدہ طور پر پاکستان ٹیلی ویژن کے ذریعے براہ راست نشر کیا جائے گا تاکہ میڈیا کے نمائندوں کو کوریج کیلئے متبادل ذریعہ فراہم کیاجا سکے۔ میڈیا کے نمائندوں سے گزارش کی جائیگی کہ اجلاس کی کارروائی کیلئے پی ٹی وی کی ٹرانسمیشن سے استعفادہ کریں ۔دریں اثناپنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ( جمعہ)کو سہ پہر تین بجے شروع ہوگا ، کروناوائرس کی وجہ سے اجلاس پنجاب اسمبلی کی عمارت کی بجائے اس سے ملحقہ نجی ہوٹل میں منعقد ہوگا جس کے کرسٹل اور رائل گرینڈ ہالز کو اسمبلی چیمبر قرار دیا گیا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس میں آنے والے تمام اراکین اسمبلی کو کرونا ٹیسٹ کرانے کی ہدایات دی ہیں۔پنجاب آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ (ترمیمی) بل 2020متعارف کرایا جائے گا۔