شاہ محمودکی قومی معاملات پر مذاکرات کیلئے شہباز شریف‘ بلاول کو دعوت

Jun 05, 2020

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی معاملات پر مذاکرات کیلئے شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کو دعوت دے ڈالی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام رہنماؤں کو جلد وزارت خارجہ آنے کی دعوت دونگا۔ اپوزیشن رہنما نہیں آ سکتے تو خود ان کے پاس چلا جاؤں گا۔ مقصد بھارت سے حالیہ کشیدگی کی وجوہات پر اپوزیشن کو اعتماد میں لینا ہے۔ بھارت کی حکومت ہندوتوا آئیڈیالوجی نافذ کر رہی ہے اور اکھنڈ بھارت کا خواب دیکھ رہی ہے۔ اکھنڈ بھارت کے خواب سے پاکستان‘ چین اور افغانستان بھی متاثر ہوں گے‘ یو این سیکرٹری جنرل کو خط لکھا ہے او آئی سی کو خط لکھا ہے کہ آپ جاگیے۔ چین اور بھارت کے درمیان بات چیت چل رہی ہے۔ بھارت نے بغیر مشاورت متنازعہ علاقے میں تعمیرات شروع کر دی ہیں چین خاموش نہیں رہے گا۔ پاکستان پر کوئی چڑھائی کرتا ہے تو ہر طبقہ حکومت اور فوج کے شانہ بشانہ دکھائی دے گا۔ وفاق المدارس العربیہ کے سیکرٹری جنرل اور معروف عالم دین قاری حنیف جالندھری نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ انہیں بتایا کہ شام میں حضرت عمر بن عبدالعزیز کے روضے کی بے حرمتی پر پوری مسلم امہ میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے انہوں نے اس مسئلے کو فوری طور پر او آئی سی فورم پر اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات کرونا وبائی صورتحال اور بھارتی جارحیت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان میں ازبک سفیر فرقات صدیقوف نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے الوداعی ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، اقتصادی سفارت کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزیدخبریں