لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے رحیم یار خان، روجھان اورگڑھی چاکر، میرپور ماتھیلو کا دورہ کیا۔ رحیم یارخان میں کرونا اور ٹڈی دل پر قابو پانے کے حوالے سے حکومتی اقدامات کاجائزہ لیا۔ عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹڈی دل پر کنٹرول کرنے کے لئے تمام ممکنہ وسائل اور اقدامات بروئے کارلائے جائیں اور کسانوں کی فصلوں کو نقصان سے بچایا جائے۔ وزیراعلیٰ کرونا کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کاحکم د یتے ہوئے کہاکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کو کرونا سے بچانے کے لئے ہر ممکن انتظامی اقدام کریںگے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مارکیٹوں اور بازاروں کو سیل کردیاجائے گا۔ کرونا ہو یا ٹڈی دل، عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میں خود شہر شہر جا کرصورتحال کا جائزہ لے رہاہوں اور موقع پر ہی فیصلے کئے جاتے ہیں-عوام سے اپیل ہے کہ وہ احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں- حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے میں ہی تحفظ اور حفاظت ہے-ہدایات پر عمل نہ کرنے پر متعلقہ کاروباری اداروں اور افراد کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی-تاجر،دکاندار، ٹرانسپورٹ،ٹریڈر ایسوسی ایشنز کورونا کا پھیلائو روکنے کیلئے حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیں۔روجھان میں سابق ایم پی اے مقتول سردار عاطف مزاری کے بھائی سردار شمشیر علی مزاری کی رہائش گاہ پر گئے-عثمان بزدار سے گڑھی چاکر میں قبائلی عمائدین اورمعززین علاقہ نے ملاقات کی-وزیراعلیٰ نے قبائلی عمائدین اور معززین علاقہ کو پنجاب کے دورے کی دعوت دی- وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں صوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے پہلے بلوچستان گیا ،آج سندھ آیا ہوں -سندھ کے عوام کے لئے بھائی چارے ، محبت، یگانگت اور اتحاد کا پیغام لیکر آیا ہوں-عثمان بزدار نے ماحولیاتی آلودگی سے بچائو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ ماحولیاتی آلودگی پاکستان سمیت دنیا بھر کے لئے ایک چیلنج ہے-ہم نے اپنی نسلوں کو آلودگی سے پاک صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے- ماحولیاتی آلودگی پر قابوپانے کے لئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھنا ہوگا-عثمان بزدار نے پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے انتخابات میں کامیابی پر نومنتخب صدر ایاز شجاع اور سیکرٹری شہزاد ملک کو مبارکباد دی ہے۔تحریک انصاف علماء و مشائخ ونگ کے رہنما ڈاکٹر مختار کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیاہے-کرونا وائرس کے باعث شہید ہونے والے سروسز ہسپتال کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حافظ مقصودکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈاکٹر حافظ مقصود نے فرائض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا بلند رتبہ پایا-
ایس او پیز کی خلاف ورزی برداشت نہیں، کرونا ہو یا ٹڈی دل عوام کیساتھ کھڑے ہیں: عثمان بزدار
Jun 05, 2020