اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت آئندہ مالی سال کے مجوزہ بجٹ کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے رواں مالی سال کے محصولات اور اخراجات اور آئندہ بجٹ کے تخمینوں کا خاکہ پیش کیا۔ مشیر خزانہ نے آئندہ مالی سال کے لئے بجٹ کی ترجیحات پر بھی وزیرِ اعظم کو تفصیلی طور پر بریف کیا۔ وزیرِ اعظم کو ایف بی آر میں اصلاحات کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہ صنعتی عمل کا فروغ اور کاروباری برادری کو ہر ممکن آسانیاں فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کرونا سے متاثرہ صنعتی شعبے کی بحالی و فروغ، حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈیز کے بہترین اور موثر استعما ل کو یقینی بنانے اور عوام پر پڑنے والے غیر ضروری حکومتی اخراجات کا بوجھ کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیرِ اعظم نے اس امر پر زور دیا کہ آئندہ بجٹ میں غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی لانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان ن نے کرونا ریلیف ٹائیگر فورس سے مزید محاذوں پر بھی خدمات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے ملاقات کی۔ عثمان ڈار کے مطابق وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹائیگر فورس سے مزید محاذوں پر بھی خدمات لی جائیں، اس سلسلے میں وزیراعظم جلد رضا کار فورس کے نوجوانوں سے اہم خطاب کریں گے۔ ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو قومی سطح پر خدمات کا بھر پور موقع دیا جائے گا اور یہ نوجوان رضا کار مستقبل میں بھی قومی معاملات میں معاونت کریں گے۔ عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ ٹائیگر فورس سے کورونا کے ساتھ ٹڈیوں کے خاتمے، ممکنہ سیلابی صورتحال اور کلین اینڈ گرین مہم میں بھی خدمات لی جائیں گی۔ وزیر اعظم عمران خان سے پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری نے بھی وزیر اعظم ہائوس میں ملاقات کی، ان سے جماعتی امور اور ملکی سیاسی صورت حال پر تبالہ خیال کیا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے معاون خصوصی ندیم بابر کو ہدایت کی کہ پٹرولیم سیکٹر میں ریفارمز کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ شعبے میں بہتری اور عوام کو ریلیف میسر آ سکے۔ جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی ندیم بابر نے ملاقات کی جس میں معاون خصوصی نے وزیر اعظم کو پٹرولیم سیکٹر میں جاری اصلاحات کے عمل میں پیش رفت پر بریف کیا۔وزیرِ اعظم عمران خان سے انصاف ڈاکٹرز فورم (آئی ڈی ایف) کے وفد نے ملاقات کی وفد میں ڈاکٹر مدیر خان، ڈاکٹر سعید مصطفیٰ، ڈاکٹر جواد واصف، ڈاکٹر عاصم رضوی، ڈاکٹر سجاد، ڈاکٹر محسن رانجھا و دیگر شریک تھے۔ ملاقات میں ملک میں کرونا کی صورتحال، روک تھام کے حوالے سے حکومتی حکمت عملی اور اس حوالے سے خصوصاً ملکی ڈاکٹرز اور ہیلتھ کئیر سٹاف کے کردار پر بات چیت کی صحت کے شعبے میں موجودہ حکومت کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیرِ اعظم نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ کئیر سٹاف کی خدمات لائق تحسین ہیں اور پوری قوم ان کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے چینی شہر ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کی واپسی کیلئے رعایتی ٹکٹ فراہم کرنے کی ہدایت کردی، طلبا کی واپسی کے لیے دوسری پرواز (آج) جمعہ کو آپریٹ ہو گی۔
بجٹ میں غیر ترقیاتی اخراجات کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے: عمران
Jun 05, 2020