لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جوان بخت نے کہا ہے کہ کرونا کے بعد معاشی صورتحال کے پیش نظرخدمات کی فراہمی پر عائد سیلز ٹیکس میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ بورڈ آف ریونیو ہر طرح کے پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی میں سہولت مہیا کرے گا۔ انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی میں استثنیٰ کی مدت میں مزید اضافے کے ساتھ شرح میں کمی کی جائے گی۔محکمے ٹیکسوں کی تعداد میں اضافے کی سفارشات کی بجائے وصولیوں کی شرح میں اضافے کی تجاویز منظور کروائیں۔ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ بتائے کے ٹیکس کی شرح میں یکسانیت کے باوجود اب تک پنجاب میں چلنے والی گاڑیاں دوسرے صوبوں اور وفاق میں کیوں رجسٹرڈ ہو رہی ہیں؟ کیا ڈیلرز کے علم میں نہیں لایا گیا کہ پنجاب میں رجسٹریشن پر بھی اتنا ہی ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے جتنا وفاق میں وصول کیا خا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے گزشتہ روز وزراتی کمیٹی برائے ریسورس موبلائزیشن مالی سال2020-21 کے تیسرے اور آخری اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کورونا کے پیداکردہ معاشی بحران سے نکلنے کے لیے ضروری ہے کہ پہلے سے متاثرہ معاشی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کی بجائے ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافے کو یقینی بنایا جائے۔