اسلام آباد(نا مہ نگار)کورونا وائرس کی وبا کے پیدا کردہ بحران نے متعدد زندگیاں متاثر کر نے کے علاوہ تمام نظام اور ادارہ جات بشمول اعلٰی تعلیمی اداروںکے پر بُرے اثرات مرتب کیے ہیں، تاہم اِن ناگزیر تبدیلیوں کوہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)اپنی استعداد کار اور خدمات کے معیار میں بہتری کے لیے بروئے کار لا سکتا ہے۔ اِن خیالات کا اظہار چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری نے ایچ ای سی کی آن لائن آل اسٹاف میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی اس بحران کو اپنے نظام ہائے کار کو خودکار بنانے کے لیے استعمال کرنے کے حوالے سے پُرعزم ہے جس کے تحت جامعات، اساتذہ،اور طلباء کی درخواستوں کی پیروی کے عمل کو آسان بنایا جارہا ہے تاکہ استعداد کار میں مزید بہتری کی طرف بڑھا جاسکے۔ چیئرمین نے ایچ ای سی کے تمام شعبہ جات کوہدایت کی کہ وہ موجودہ ضروریات کے مطابق ایچ ای سی کے تمام نظام ہائے کار کی تشکیل نو کے لیے اقدامات اٹھائیں اورتمام نظام ہائے کار میں شفافیت ، درستگی، اور آسانی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایچ ای سی کے افعال میں کسی بھی کمی کی شناخت اور درستگی کے عمل کو تیزتر کیا جائے اورایچ ای سی کے دیگر پروگراموں خصوصا ہائیر ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (نیشنل اکیڈیمی آف ہائیر ایجوکیشن اور ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کو بروئے کار لاتے ہوئے آن لائن ریڈی نیس اور آن لائن رسائی کو یقینی بنائیں۔ ہائیر ایجوکیشن مینجمنٹ سسٹم اور اسٹیٹسٹیکل انفارمیشن یونٹ نے تمام فیکلٹی اراکین کا ڈاٹا بیس اکٹھا کر لیا ہے ، جبکہ اسٹاف اور طلباء کے ڈاٹا بیس کو ترتیب دیا جا رہا ہے۔ ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کو جانچ پرکھ اور امتحان کے لیے دوہرا نظام تشکیل دینے کی ہدایت کی جاچکی ہے اور ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کی تاکید کی گئی ہے۔ چیئرمین نے لاک ڈائون کے دوران اسناد اور ڈگریوں کی تصدیق کے نظام کی آن لائن سہولت پر تسلی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایچ ای سی کے اٹسیسٹیشن ڈویژن کو مستقبل میں اپنے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تاکہ دور دراز سے طلباء کو تصدیق کے لیے آنے کی مشقت سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسناد کی تصدیق اور ایکویلینس کے عمل کو مکمل طور پر آن لائن یا ٹی سی ایس (TCS)سرانجام دیا جائے گا تاکہ درخواست دہندگان کے لیے آسانی پیدا کی جاسکے۔ انہوں نے اساتذہ اور ٹینیور ٹریک سسٹم کے فیکلٹی اراکین کے مسائل کے حل سے متعلق ایچ ای سی کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ چیئرمین ایچ ای سی نے نیشنل فیکلٹی ڈیویلپمنٹ پروگرام کی تشکیل اور انعقاد جو کہ لاک ڈائون کے سبب آن لائن منعقد کیا گیا پر نیشنل اکیڈیمی آف ہائیر ایجوکیشن کو مبارک باد دی ۔ ’’شرکاء کی طرف سے پروگرام پر بہت مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔‘‘ انہوں نے اکیڈیمی کو ہدایت کی کہ وہ ایچ ای سی اسٹاف اور دیگر عوام کے لیے ضروری سافٹ وئیر اور دوسری صلاحیتوں سے متعلق قلیل المدتی تربیتی پروگرام کا آغاز کرے اور اسٹاف کو کمیونی کیشن ، آئی ٹی ، تجزیاتی اور قانونی صلاحیتوں کی بہتری کی تربیت دی جائے۔ چیئرمین ایچ ای سی نے ایچ ای سی اور جامعات کے کچھ اسٹاف اراکین کے اہل خانہ اور عزیزواقارب کی کرونا کے سبب انتقال پر تعزیت کی اور ایچ ای سی اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ سختی سے حفاظتی تدابیر کو اپنائیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم سب کو اپنے آپ، اپنے اہل وعیال ، پڑوسیوں اور ساتھیوں کی حفاظت کے لیے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کرونا میں مبتلا ہونے والے ایچ ای سی اسٹاف اراکین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور اُن کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی آہستہ آہستہ اپنے اسٹاف کو دفتر بلانے پر غور کر رہا ہے تاہم اس حوالے سے خصوصی ہدایات و تدابیر پر عمل درآمد لازمی ہے۔