اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے دوران امدادی کارروائیوں کیلئے بنائی گئی ٹائیگرفورس کو مزید اہم ذمہ داریاں سونپنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ آج ان رضا کاروں سے اہم خطاب کریں گے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ٹائیگر فورس نے رمضان میں زبردست انداز میں ذمہ داریاں سر انجام دی ہیں۔ مساجد اور یوٹیلیٹی اسٹورز میں ایس او پیز پر کامیابی سے عملدرآمد کروایا گیا۔
راشن کی تقسیم، قرنطینہ میجمنٹ سینٹر اور احساس کیش کی تقسیم میں بھی معاونت کی تھی۔ یونین کونسل کی سطح پر بے روزگار افراد کی نشاندہی میں بھی نوجوانوں سے مدد ملی۔
معاون خصوصی برائے نوجوانان عثمان ڈار نے وزیراعظم کو گزشتہ ملاقات میں کامیاب جوان پروگرام اور ٹائیگر فورس سے متعلقہ معاملات پر بریفنگ دی تھی۔
عثمان ڈار نے کہا کہ ایک لاکھ 65 ہزار رضا کاروں نے دی گئی ذمہ داریوں کو سر انجام دیا اور پنجاب سے ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد نوجوانوں نے سرگرمیوں میں حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے 23 ہزار سے زائد نوجوانوں نے حکومت کی معاونت کی جس میں زیادہ تر نوجوانوں کی تعداد پڑھے لکھے افراد پر مشتمل ہے۔
آج کے خطاب میں وزیراعظم ٹائیگر فورس کو کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کریں گے جبکہ احساس پروگرام کے لیے بھی نوجوانوں کو حکومت سے تعاون کا موقع دیا جائے گا۔
اطلاعات ہیں کہ ٹائیگر فورس سے کورونا کے ساتھ ساتھ ٹڈی دَل کے خاتمے کے لیے خدمات لی جائیں گی جبکہ رضا کاروں کو ممکنہ سیلابی صورت حال اور کلین اینڈ گرین مہم کے لیے ٹاسک سونپا جائے گا۔