میزان بینک کا ملازمین کیلئے کوروناویکسی نیشن مہم کاآغاز

کراچی(کامرس رپورٹر)  میزان بینک نے سندھ حکومت کے اشتراک سے اپنے ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے مفت کووِڈ ویکسی نیشن مہم کاآغاز کردیاہے۔ اس سلسلے میں بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی نے سینئر مینجمنٹ کی موجودگی میں ہیڈ آفس میں ویکسی نیشن مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر کمشنر کراچی نوید احمد شیخ اور ان کی ٹیم بھی موجود تھی۔ کووِڈ کے بعد معمولاتِ زندگی کونارمل کرنے کیلئے حکومتی کوششوں کوبینک معاونت فراہم کررہا ہے اور یہ مہم انہی کوششوں کا حصہ ہے۔کراچی سے شروع کی جانے والی اس ویکسی نیشن مہم کو باآسانی چلانے اور اور ملک بھر میں اپنے ملازمین کیلئے ویکسین کے انتظام کیلئے بینک متعلقہ اداروں کے ساتھ شراکت کررہا ہے۔ اس مہم میں مستقل، کنٹریکٹ، تھرڈ پارٹی اسٹاف سمیت تمام ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کی ویکسینیشن کی جائے گی۔ویکسین کے خواہشمند افراد کو 1166پر ایس ایم ایس کے ذریعے رجسٹرڈ کیا جاتاہے۔ کمشنر کراچی نے مہم کی افتتاحی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اپنے آپ، اپنے گھر والوں اور ساتھیوں کو محفوظ رکھنے کیلئے ضرور ویکیسین لگانی چاہیے۔ اس موقع پر کمشنر نے میزان بینک کی جانب سے تمام ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو ویکسینیشن لگانے کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ا س سے ظاہر ہوتا ہے کہ بینک اپنے اسٹاف کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو اہمیت دیتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن