سڑکوں کے پیچ ورک میں ناقص مٹیریل کا استعمال

Jun 05, 2021

مکرمی! جون کے مہینے میں سرکاری ادارے اچانک جاگ اٹھتے ہیں۔ انہیں یاد آتا ہے کہ انہوں نے ابھی تک بہت سا ترقیاتی کاموں والا بجٹ استعمال نہیں کیا۔ اس لئے دیکھتے ہی دیکھتے ان کی آنیاں جانیاں شروع ہوجاتی ہیں۔ عوام ان کے اس طریقہ کار سے واقف ہیں۔ اب لاہور کے کئی علاقوں میں ٹوٹی سڑکوں کا پیچ ورک جلد مکمل کیا جارہا ہے تاکہ فنڈز پر ہاتھ صاف کیا جاسکے۔ اس عمل میں نہ تو مٹیریل کا خیال رکھا جارہا ہے نہ کوالٹی چیک کی جارہی ہے۔ اس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ ابھی برسات کا سیزن شروع نہیں ہوا، ابھی سے سڑکوں پر ہونے والے اس کام نے کارکردگی کا پول کھول دیا ہے اور جابجا تارکول کی پتلی سی تہہ پگھل رہی ہے اور سیمنٹ کے  صرف ریت اور بجری جو بچھائی گئی ہے باہر نکل آئی ہے اور سڑکوں پر پھر گڑھے نمودار ہورہے ہیں۔ اب ظاہر ہے برسات میں ان سڑکوں کے پیچ ورک کا کام تمام ہوجائے گا اور یہ پھر کھنڈر بن جائیں گی۔ یوں اگلے برس کیلئے نیا تعمیراتی بجٹ پھر طلب ہوگا۔ کیا حکومت ایسے ٹھیکیداروں کو برسرعام عبرت کا نشان نہیں بناسکتی جو ناقص مٹیریل استعمال کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچاتے ہیں۔(تہمیر بٹ اقبال ٹائون، لاہور)

مزیدخبریں