ملتان (سپیشل رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کے جج مسٹر جسٹس علی باقر نجفی نے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کی بیٹی میمونہ ہاشمی اور داماد زاہد بہار ہاشمی کا سکول اور شادی ہال سمیت دیگر عمارتیں گرانے سے متعلق درخواست پر سماعت پیٹشر اور وکیل کی مشاورت کے لیے 8 جون تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صدر عدنان بدر اور چئف میٹروپولیٹن آفیسر اقبال فرید پیش ہوئے۔عدالت نے استفسار کیا کہ تعمیرات کس قانون کے تحت مسمار کی گئیں۔چیف میٹروپولیٹن آفیسر اقبال فرید نے کہا کہ اربن ایریا میں سائٹ پلان کے بغیر بنائی گئی تمام عمارتوں کے خلاف آپریشن ہوا ہے، بستی ملوک، مخدوم رشید سمیت دیگر علاقوں میں 20 کے قریب تعمیرات کے خلاف آپریشن ہوا ہے، اسسٹنٹ کمشنر صدر نے کہا کہ پیٹشنر کو نوٹسز بھیجے گئے تھے عملدرآمد نہ ہونے پر آپریشن کیا گیا، پیٹشنر کے وکیل نے کہا کہ کوئی نوٹسز موصول نہیں ہوئے، ، عدالت عالیہ نے قرار دیا کہ اگر درخواست گزار اب سائٹ پلان منظور کرانا چاہتا ہے تو ڈائریکشن دے دیتے ہیں، جس پر وکیل نے اپنے موکل سے مشاورت کے لیے مہلت مانگ لی۔