لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان کے سابق صدر اور ورلڈ اسلامک مشن کے بانی قائد اہل سنت مولانا شاہ احمد نورانی صدیقی کے سالانہ عرس مقدس کے سلسلہ میں تحریک لبیک یارسول اللہ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام مرکز صراط مستقیم تاج باغ میں اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاکہ مولانا شاہ احمد نورانی صدیقی زندگی بھر رسمِ شبیری ادا کرتے رہے۔ امام شاہ احمد نورانی پاکستان میں مذہبی سیاست کے لیے ایک رول ماڈل قرار دیے جاسکتے ہیں۔ آپ نے آخری سانس تک پاکستان کے اسلامی تشخص کی حفاظت کے لیے جد وجہد کی۔ تحفظ ختم نبوت کے لحاظ سے مولانا شاہ احمد نورانی کا کردار تاریخ کا ایک سنہری باب ہے۔ مولانا شاہ احمد نورانی وہ مرد قلندر تھے جنہوں نے فقرِ غیور سے طاغوت کا مقابلہ کیا۔ مولانا نورانی ایک سیاستدان ہی نہیں بلکہ پاکیزہ سیاست کی ایک دانش گاہ تھے۔ حضرت مولانا شاہ احمد نورانی امریکی نیو ورلڈ آرڈر کے مقابلے میں بہت بڑی ایمانی چٹان تھے۔عرس کے اختتام پر مولانا نورانی قدس سرہ العزیز کی روح کو ایصال ثواب کیا گیا۔
مولانا شاہ احمدنورانی عمر بھر رسم شبیری اداکرتے رہے:اشرف آصف جلالی
Jun 05, 2021