خطے کی بدلتی صورتحال ہمہ وقت چوکس و تیار رہنے کی متقاضی، امیر البحر

لاہور‘اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ خبرنگار) پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں پاک بحریہ کے 50 ویں سٹاف کورس کی کانووکیشن تقریب کا انعقادکیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں کورس مکمل کرنیوالے 82 افسران کو ماسٹرز ڈگری تفویض کی گئی۔ کورس میں پاکستان کی مسلح افواج کے علاوہ دوست ممالک کے 19 افسران بھی شریک تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے علاقائی اور قومی سلامتی کے حوالے سے بین الاقوامی رجحانات میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو اجاگر کیا۔ امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ سی پیک کی میری ٹائم ڈومین میں اپنی ذمہ داریاں بخوبی سرانجام دے رہی ہے۔ خطے کی بدلتی ہوئی میری ٹائم صورتحال ہمہ وقت چوکس و تیار رہنے کی متقاضی ہے۔ قبل ازیں کالج کے کمانڈنٹ نے کورس کے دوران شرکاء کی مختلف پیشہ وارانہ اور علمی سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا۔ دریں اثناء تقریب میں  82  افسران کو ماسٹرز کی ڈگری  تفویض کی گئی۔ 54  کا تعلق پاک بحریہ‘ 4 پاک آرمی اور 5  کا پاکستان ایئر فورس سے جبکہ 19 افسران کا تعلق دوست ممالک بشمول بنگلہ دیش‘ مصر‘ انڈونیشا‘ ایران‘ عراق‘ اردن‘ مالدیپ‘ سعودی عرب اور سری لنکا سے ہے۔ امیر البحر  نے مزید کہا کہ سی پیک کے آپریشن ہونے کے بعد پاک بحریہ کی ذمہ داریوں میں خاطر خواہ اضافہ ہو جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن