اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن نسلوں کو سنوارنے کا ہے۔ عالمی یوم ماحولیات کے حوالے سے تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل بھی موجود تھیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ماحولیات کے حوالے سے اتنی آگاہی موجودہ حکومت سے زیادہ کسی نے نہیں دی ۔ اس کی بڑی وجہ وزیراعظم عمران خان کا ماحول دوست وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جنگل اجڑ رہے تھے، دریا آلودگی کا شکار ہو رہے تھے، ندی نالے ختم ہو گئے جبکہ درخت ناپید ہو رہے تھے۔ کسی حکومت نے اس بارے میں سوچا ہی نہیں جس کی وجہ سے ماحولیاتی نظام کو شدید نقصان پہنچا۔ آج پاکستان میں ایک ایسا لیڈر موجود ہے جس کا وژن نسلوں کو سنوارنے کا ہے۔ ہم نے خیبر پختونخوا میں ون بلین ٹری سونامی کا آغاز کیا، اب 10 بلین ٹری سونامی کا آغاز کیا ہے، اس میں بہت بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کی بدولت آج پوری دنیا پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ آخر میں انہوں نے اسلام آباد پولیس کے دو اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، یہ جنگ جاری ہے، پوری قوم گزشتہ روز شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
وزیراعظم کا وژن ماحول دوست اور نسلوں کو سنوارنا ہے: فواد چودھری
Jun 05, 2021