مسلمانوں پرڈھائے جانیوالے مظالم روکنے میں اقوام متحدہ ناکام

Jun 05, 2021

شہدادپور(نامہ نگار)  جماعتِ اسلامی حلقہ خواتین شہدادپور کے زیرِ اہتمام لطیف پارک سے پریس کلب تک فلسطین مارچ کا اہتمام کیا گیا فلسطین مارچ میں  مظلوم و بہادر فلسطینی مائوں، بہنوں اور بیٹوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔جبکہ اہل فلسطین کی بہادری اور استقامت کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ فلسطین مارچ کی قیادت جماعت اسلامی شہدادپور کے امیر آصف محمود قریشی,صحافتی و سماجی شخصیت سیدارشادظفر بخاری اور ارشد خاصخیلی نے کی۔جبکہ جماعت اسلامی خواتین ونگ کی صوبائی رہنمافرحت حیات, ناظمہ شہداپور سلمی شوکت، آپا میمونہ  اسلامی جمعیت طالبات کی ناظمہ اریج لاکھو اور دیگر خواتین رہنما بھی موجود تھیں مارچ میں خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد شدید گرمی کے باوجود شریک ہوئی، فلسطین مارچ میں فلسطینیوں کی امداد کے لیے فنڈ بھی جمع کیا گیا۔ فلسطین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی شہدادپور آصف محمود قریشی کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہم سب کو متحد ہونا ہوگا۔ کشمیر اور فلسطین پر مظالم کی انہتا کرنے و بھارت اور اسرائیل کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ فلسطین امت کا دل ہے اور ہمارے دل فلسطینیوں کے ساتھ ڈھڑکتے ہیں۔فلسطین کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ہم اہل غزہ کی جرات، استقامت اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی امت پہ ہونے والے مظالم کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتی رہے گی ۔انہوں نے مزید کہاکہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے امت مسلمہ کو یک جان ہو کر ظالم کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔اقوام متحدہ چھوٹے چھوٹے تنازعات اور مسائل کے حل کے لئے اپنی افوج متنازع علاقوں میں بھیجتی ہے مگر نہتے فلسطینی شہریوں اور معصوم بچوں کے بہیمانہ قتل عام کے باوجود ابھی وقت نہیں آیا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کے لئے یو این او اپنی فوج وہاں بھیجے۔ حکومت پاکستان،اقوم متحدہ اور او آئی سی سمیت دیگر تمام مسلمان ممالک حکومتی سطح پر فلسطین سے اسرائیلی فوج کے انخلا کے لئے دباؤ بڑھائیں -فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف اسرائیلی مصنوعات کا حکومتی سطح پر بائیکاٹ کیا جائے۔

مزیدخبریں