لاہور(سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان نے پولینڈ کو 2 کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا‘دوسرا میچ بھارت کیساتھ برابری پر ختم ہوا۔ سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزانے میں جاری فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم نے دو کے مقابلے میں چار گول سے پولینڈ کو شکست دیدی۔پاکستان کی جانب سے پہلا گول چوتھے منٹ میں مرتضیٰ یعقوب نے 7ویں، 13 ویں اور 15 منٹ میں ابوزر نے تین گول کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ پولینڈ کی جانب سے چھٹے منٹ میں وجیوک نے اور 19 ویں منٹ میں رابرٹ نے گول کیا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 2-2 گول سے برابر ہوگیا ہے۔ بھارت کو ایک گول کی برتری حاصل تھی، تاہم میچ کے اختتامی لمحات میں پاکستان نے گول کرکے میچ برابر کردیا۔پاکستان آج مزید دو میچز کھیلے گا، پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق پانچ بجے سوئٹزرلینڈ کیساتھ جبکہ دوسرا میچ شام 7 بجے ملائیشیا کیساتھ کھیلا جائے گا۔فائنل میچ بھی آج ہی ہوگا۔