لاہور/ قصور/ فیصل آباد(نامہ نگار+ نمائندگان) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے جہلم میں 5 افراد کی خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او جہلم کامران ممتاز نے واقعہ کی تفصیل بارے بتایا کہ علاقہ تھانہ صدر جہلم میں 5 افراد کا خاتون سے اجتماعی زیادتی کے واقعہ پر پولیس نے فوری کارروائی کی اور مرکزی ملزم رکشہ ڈرائیور علی رضا سمیت 2 ملزمان کو چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیااور دیگر کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے ۔قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور کے نواحی علاقہ بیدیاں میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران خاتون کوزیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ تین ڈاکو گھر داخل ہو کر 70 ہزار نقدی، ایک موبائل ،دو پسٹل بھی لوٹ کر لے گئے۔ ڈاکوؤں نے خاوند کو ایک کمرے میں بند کر کے اسکی بیوی کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور فرار ہو گئے۔قصور پولیس تھانہ مصطفے آباد نے مقدمہ درج کرلیا۔ ابتدائی تحقیقات میں خاتون سے زیادتی ثابت نہیں ہوئی۔ ایک اور واقعہ میں نواحی گاؤں ڈھولن ہٹھاڑ کے رہائشی کی بیوی ہمسایہ کے گھر سے آٹا لینے جا رہی تھی ملزم ہارون الرشید نے زبردستی اغواء کرکے نامعلوم مقام پر زیادتی کا نشانہ بنایا، حالت غیر ہونے پر گائوں کے قریب ویرم چوک میں پھینک کر فرار ہو گیا ۔فیصل آباد‘ پیر محل‘ جہلم سے نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگاران کے مطابق فیصل آباد کے تھانہ غلام آباد کے علاقہ قدرت آباد سے کامران وغیرہ پانچ اوباش ا چودہ سالہ لڑکی کو گلی سے اغواء کر کے لے گئے ۔ رات کے وقت کامران، سلاماں، چھانی اور دو نامعلوم ملزم زبردستی زیادتی کا نشانہ بناتے رہے اور نیم بیہوشی کی حالت میں بابا قائم سائیں دربار روڈ پر پھینک کر فرار ہو گئے، تھانہ غلام آباد ہی کے علاقہ سلیمانیہ کالونی میں عثمان نے گھر میں گھس کر جواں سال لڑکی کو زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا دیا اور فرار ہو گیا، پولیس نے مقدمات درج کر لئے ۔ پیر محل سے نامہ نگار کے مطابق گائوں 256 گ ب میں قائم دینی مدرسہ میں زیر تعلیم گیارہ سالہ محمد انس کو اوباشوں عبیداللہ اور شہباز نے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ مقدمہ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔جہلم سے نامہ نگار کے مطابق پانچ افراد نے شادی شدہ خاتون کواجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا درخواست کے مطابق خاتون جمعہ کی شام راولپنڈی سے آنے والے اپنے خاوند کو دینہ سے محلے دار کے رکشہ پر لیکر گھر آئی اور رات دو بجے کے قریب وہی رکشہ ڈرائیور اپنے چار نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ دیوار پھلانگ کر گھر داخل ہوا اور میاں بیوی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد خاوند کو چھت پر لیجاکر باندھ دیا، پانچوں نے باری باری خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔