انارکلی دھماکہ کے 2 ملزم مقابلے میں ہلاک‘  دہشتگردی کی اطلاعات 

لاہور (نامہ نگار) بادامی باغ کے علاقے میں کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی زیر حراست انارکلی بم دھماکہ میں ملوث 2 دہشت گرد مبینہ مقابلے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب (سی ٹی ڈی) کے ترجمان کے مطابق انارکلی بم دھماکہ میں ملوث 2 دہشت گروں عبد الرزاق اور ثناء اللہ کو اسلحہ و بارود کی ریکوری کے لیے جھوکر پنڈ، بادامی باغ لے جایا جا رہا تھا۔ بادامی باغ فلور مل کے قریب ملزموں کے نامعلوم 4 ساتھیوں نے انہیں چھڑانے کی غرض سے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں گرفتار دونوں دہشتگرد عبد الرزاق اور ثناء اللہ ہلاک ہو گئے جبکہ حملہ آور وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنے ایک مراسلے میںپولیس و دیگر اداروں کوپیشگی اطلاع دی ہے کہ کالعدم تنظیم اور اس کے دہشت گرد لاہور میں پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ، ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ اورچائنیز باشندوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ جس پر پولیس وقانون نافذ کرنے والے اداروں نے گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت لاہور میں سیکیورٹی کے انتظاما ت سخت کردیئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنزسہیل چودھری کے احکامات پر پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ، ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ اور دیگر اہم مقامات کے علاوہ شہر میںچائنیزکی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ ڈویژنل ایس پیز، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے گزشتہ روز چائینیزکے اہم دفاتر و عمارات کا دورہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن