حکومت تاجروں کو سازگار ، دوستانہ ماحول فراہم کرنے کیلئے پر عزم : مفتاح اسماعیل

Jun 05, 2022

فیصل آباد  (آئی  این  پی )وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ حکومت تاجروں کے مسائل کے حل اور کاروبارمیں آسانی کیلئے سہولیات کی فراہمی میں پرعزم ہے  فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکے وفد سے ملاقات  کی مزید تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ نے تاجر برادری کو بجلی اور گیس کے نرخوں کے تسلسل سے متعلق مسائل اور برآمدات میں اضافے کے لیے برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔وفد کی قیادت چیمبرکے صدر عاطف منیر شیخ کر رہے تھے۔صدر فیصل آباد چیمبر نے وزیر خزانہ کو ایف سی سی آئی اور پاکستان کی معیشت میں کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد نے بتایاکہ برآمدی صنعتوں کی طرح مقامی اور گھریلو صنعت کوبھی معاونت فراہم کی جائے کیونکہ یہ صنعتیں پاکستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار اور آمدنی پیدا کرنے کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ صنعت مقامی صنعت کی ضروریات کو پورا کرتی ہے۔وفد نے شعبے کو درپیش چند دیگر مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت تاجروں کو سازگار اور دوستانہ ماحول فراہم کرنے اور کاروبار کرنے میں آسانی کے حوالے سے پر عزم ہے۔ انہوں نے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے، برآمدات کے فروغ اور معاشی ترقی میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے کردار کو سراہا۔ ۔وزیر خزانہ نے یقین دلایا کہ تاجروں کے مسائل کو حل کرلیا جائے گا۔ دیگر مذ کورہ مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا وفد نے معاونت فراہم کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں