لاہور (نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) چلڈرن ہسپتال کی تیسری منزل پر میڈیکل سٹور میں آگ لگنے سے کروڑوں روپے مالیت کی ادویات و سامان اور ریکارڈ جل کر تباہ ہو گیا۔ امدادی ٹیموں نے 7 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ہے۔ کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ذرائع کے مطابق آگ لگنا اتفاقی حادثہ تھا یا پھر کس نے اپنے مذموم مقاصد کے لئے آگ لگائی، اس حوالے سے حالات و واقعات مشکوک ہیں ۔ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کے احکامات جاری کئے ہیں۔ آگ لگنے کی وجوہات کا علم نہیں ہو سکا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صبح سویرے 5 بجے فیروزپور روڈ پر واقعہ چلڈرن ہسپتال کی تیسری منزل پرقائم میڈیکل سٹور میں پراسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملنے پر پولیس، ریسکیو1122و دیگر امداد ی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔ سٹور میںسرنجز، کاٹن رول، ڈرپ سیٹس اور میتھیلٹڈ سپرٹ فلیم ایبل میٹریل کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں دشواری کا سامنا کرناپڑا۔ ہر طرف دھویں کے بادل چھا گئے، ہسپتال میں مریضوں اور لواحقین میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ امدادی ٹیموں نے کولنگ کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ امدای کارروائیوں میں ریسکیو کی 20 گاڑیوں اور 60 ورکرز نے حصہ لیا۔ ریسکیو اداروں کوپہلی کال پانچ بج کر 18 منٹ پر کی گئی۔ ڈی جی ریسکیو 122 ڈاکٹر رضوان نصیرنے موقع کا دورہ کیا۔ آتشزدگی پر قابو پانے کے لئے راستہ تنگ ہونے کی وجہ سے ریسکیوٹیموں مشکلات کا سامنا رہا۔ اس موقع پرہسپتال انتظامیہ کا کہناتھا کہ ڈیپ فریزرز میں شاٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی، ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ شروع میں لگا تھا کہ آگ قابو میں ہے، لیکن پھر بھڑک اٹھی۔ مریضوں کو متبادل طریقوں سے ادویات فراہم کر رہے ہیں۔ دریں اثناء مریضوں کے لواحقین کا کہنا تھا کہ ہمیں ہسپتال کے اندر جانے سے روکا جارہاہے۔ اندر سارے کام بند کر دیئے گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے گزشتہ روز چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں آگ لگنے کے معاملے کاجائزہ لیا، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن سونیا صدف بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ حمزہ شہباز نے چلڈرن ہسپتال میں آتشزدگی پر قابو پانے کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر تمام تر اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے چلڈرن ہسپتال کی فارمیسی میں آتشزدگی کے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔
چلڈرن ہسپتال : آتشزدگی ، کروڑوں کی ادوایات ریکارڈ جل گیا ، وزیراعلٰی نے تحقیقاتی کمیٹی بنادی
Jun 05, 2022