بھارت میں کشمیریوں کا قتل عام جاری عالمی برادری نو ٹس لے عارف علوی

Jun 05, 2022


اسلام آباد۔(اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 10 کشمیری نوجوانوں کے  قتل  کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض بھارتی افواج سرچ آپریشن کے نام پر بے گناہ کشمیری نوجوانوں  کو نشانہ بنارہی ہیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کشمیری نوجوانوں  کے ماورائے عدالت قتل کی کارروائیاں بند کرے، بھارت ظالمانہ کارروائیوں سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارتی بربریت کے خلاف بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی مقامی تحریکِ آزادی کو دہشت گردی سے نہیں جوڑا جاسکتا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانیت سوز کارروائیوں سے انتہاپسند ہندوتوا کا چہرہ بے نقاب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کا حل ہی خطے میں امن کا ضامن ہے۔

عارف علوی

مزیدخبریں