ملتان (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین‘ علیم خان اور ان کے حواریوں نے ہمیشہ لوٹوں کے بل بوتے پر سیاست کی۔ ووٹوں کے زور پر سیاست کرنے والے آج عمران خان کے نظریہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ نوٹوں کی سیاست کرنے والوں کے حوالے سے میرے سینے میں بہت سے راز ہیں۔جن کو اب سامنے لانے کا وقت آن پہنچا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ باب القریش ملتان میں اپنے حلقہ انتخاب این اے 156 میں حقیقی آزادی مارچ کے دوران قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے پی ٹی آئی کارکنوں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدومزادہ زین حسین قریشی‘ رکن صوبائی اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری‘ اعجاز حسین جنجوعہ‘ شیخ طاہر‘ اظہر چاون‘ میاں سجاد انصاری‘ عابد چوہان‘ اشفاق ندیم ،راؤ محسن‘ راؤ امجد علی سمیت پی ٹی آئی ورکز کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت چلانا امپورٹڈ حکمرانوں کے بس کی بات نہیں۔ حکومت کے پاس ملک چلانے کا نہ تو کوئی منصوبہ ہے اور نہ ہی ان میں اتنی اہلیت۔ موجودہ حکومت 13 جماعتوں پر مشتمل چوں چوں کا مربہ ہے جو جنرل الیکشن کا اعلان ہوتے ہی اپنی اپنی راہ پر گامزن ہونگے اور سب کی راہیں جدا ہونگی۔ انھوں نے کہا کہ آج کی یہ مختصر سی محفل ایسے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ہے۔ حقیقی آزادی مارچ کے دوران قید وبند کا سامنا کرنے والے پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ بعد ازاں مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔وہ اپنے حلقے انتخاب میں وفات پا جانے والی مختلف شخصیات کی رہائش گاہوں پر گئے۔ مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔
شاہ محمود قریشی