سبی (نامہ نگار)انسپکٹر جنرل ایف سی نارتھ بلوچستان میجر جنرل یوسف مجوکہ کی زیر صدارت سبی میں ڈویژنل ریویو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کمشنر بالاچ عزیز، ڈپٹی کمشنر سبی منصور احمد قاضی، بریگیڈیئر عثمان، کمانڈنٹ سبی سکاؤٹس حافظ شاہد ندیم لاشاری، ڈی آئی جی پی سبی رینج مسرور عالم کولاچی، وائس چانسلر میر چاکر خان رند یونیورسٹی ڈاکٹر سید مشتاق شاہ، ڈپٹی کمشنرز، ڈویژنل ڈائریکٹر اور قبائلی عمائدین شرکت کی ۔اجلاس میں امن وامان کی مجموعی صورتحال، جاری اور نئے منصوبوں پر پیش رفت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ انسپکٹر جنرل ایف سی نارتھ بلوچستان میجر جنرل یوسف مجوکہ نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل اور فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ایف سی بلوچستان سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کور کمانڈر بلوچستان اور وزیر اعلی بلوچستان کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جس کے ذریعے لوگوں کے مسائل کے حل میں کافی بہتری آئے گی انہوں نے کہا کہ ایف سی سبی میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، امن و امان کی بہتری چیک پوسٹوں کا موثر نظام اور آپس میں مزید بہتری کے ساتھ ساتھ نئی چیک پوسٹوں کا قیام جہاں علاقے کے لوگ اور ضلعی انتظامیہ ضروری سمجھے گی مثبت کردار ادا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ میں ہیضے کی وبا کی جو لہر آئی تھی وہاں ایف سی نے روزانہ کی بنیاد پر چھ لاکھ لیٹر صاف پانی ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت سے فراہمکیا۔ انہوں نے کہا کہ اہم شاہراہوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ توجہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کو دی جانی چاہیے ۔