مہنگائی:  حکمران کراچی کو تعصب کی عینک اتار کر دیکھیں: مصطفی کمال 

کراچی (نیوز رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے سیلاب پر بند باندھنے کے لیے حکمران کراچی کو تعصب کی عینک اتار کر دیکھیں۔ حکومت تعلیم اور صحت کی وزارتوں میں ناقابل یقین حد تک جاری کرپشن پر بند باندھ کر ناصرف عام آدمی کو بڑا ریلیف فراہم کرسکتی ہے بلکہ حالات میں بہتری بھی لاسکتی ہے۔ عام آدمی سے لیکر صنعت کار تک کمر توڑ مہنگائی اور بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے شدید پریشان ہیں۔ پانی، گیس اور بجلی کی عدم فراہمی سے جہاں ایک جانب صنعتیں اور کاروبار بند ہونے سے پورے پاکستان کا نقصان ہورہا ہے تو وہیں دوسری جانب عوامی غیظ و غضب لاقانونیت کا سبب بھی بن سکتا ہے جسکا فائدہ ملک دشمن طاقتیں اٹھا سکتی ہیں۔ معاشی و سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے صنعتیں بیرون ملک منتقل ہو رہی ہیں۔ پولیس اور رینجرز کی شہر میں بھرپور موجودگی اور متحرک ہونے کے باوجود ہائیڈریٹ مافیا یومیہ اربوں روپے کا پانی لائنوں سے چوری کر کے صنعتکاروں اور عوام کو ہی فروخت کر رہے ہیں جس کی وجہ سے کاروباری لاگت میں ناصرف بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے بلکہ بیشتر صنعتوں کے بند ہونے سے یومیہ ہزاروں مزدور بے روزگار ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 240 کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں یوسی 27 لانڈھی میں عوامی رابطہ مہم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر این اے 240 سے پی ایس پی کے امیدوار شبیر احمد قائم خانی نے بھی خطاب کیا۔ سید مصطفی کمال نے مزید کہا کہ یقینا قوم پر مہنگائی کے حالیہ تابڑ توڑ حملوں کے پیچھے سابقہ نااہل حکمرانوں کے فیصلے اور معاہدے ہیں لیکن اس کے باوجود یہ موجودہ حکومت کی زمہ داری ہے کہ وہ عوام اور صنعتکاروں کو ریلیف فراہم کرے۔
مصطفی کمال 

ای پیپر دی نیشن