ویسٹ انڈین  سکواڈ کی آج آمد قو می کرکٹرز کی ٹریننگ سیریز آسان نہیں۔ ثقلین مشتاق

لاہور(سپورٹس رپورٹر)ویسٹ انڈیز کا کرکٹ سکواڈ سیریز کھیلنے کیلئے آج پاکستان پہنچے گا۔ مہمان سکواڈ کو اسلام آباد میں پہنچنے کے بعد چارٹرڈ فلائیٹ کے ذریعے ملتان پہنچایا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 8جون کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔ مہمان ٹیم سیریز کی تیاریوں کا آغا ملتان میں ہی کرے گی ۔ ملتان میں سیریز کے انتظامات فائنل کرلئے گئے ہیں ۔ سٹیڈیم کی تزئین و آرائش مکمل کرلی گئی ہے ۔ شائقین کو سکیورٹی کے باعث شٹل سروس کے ذریعے پارکنگ سے سٹیڈیم مفت پہنچایا جائے گا۔ میچز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے ۔ قومی کرکٹ کی ٹیم کی تیاریاں لاہور میںجاری ہیں ۔ کھلاڑیوںنے کوچز کی زیر نگرانی بائولنگ ‘بیٹنگ ‘فیلڈنگ کی پریکٹس کی ۔ فٹنس کیلئے جسمانی ورزش بھی کی گئی ۔ قومی سکواڈ تیاریوں کے بعد ملتان چلا جائے گا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے خلاف سیریز تین صفر سے جیتنے کی کوشش کریں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی سیریز اہم ہے، کسی سیریز کو ہلکا نہیں لیتے، کھلاڑی پْر جوش اور اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے بے چین ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس کھلاڑی نے چاہا اس کو آرام کروایا گیا ہے، حسن علی اپنی کارکردگی سے خود کو میچ ونر کھلاڑی ثابت کر چکا ہے، حسن علی تھوڑا تھکاوٹ کا شکار تھے لیکن اب وہ فریش ہیں۔ بطور ٹیم کپتان بابر اعظم کی کارکردگی میں بہت بہتری آئی ہے، ہم اپنی سٹرینتھ کے مطابق حکمت عملی بنا رہے ہیں، سیریز تین صفرسے جیتنے کی کوشش کریں گے۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم رواں ماہ 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آ رہی ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بالترتیب 8، 10 اور 12 جون کو کھیلے جائیں گے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف اعلان کردہ 16 رکنی قومی سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، نائب کپتان شاداب خان، محمد رضوان، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رئوف، حسن علی، افتخار احمد اور امام الحق، خوشدل شاہ، محمدحارث، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود شامل ہیں۔
ثقلین مشتاق 

ای پیپر دی نیشن