ملتان (نمائندہ خصوصی) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز ہوشربا اضافہ نے عوام کے طبق روشن کر دیئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی ایک بار بھر بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی عوام کے سروں پر لٹکتی ہوئی تلوار سے مہنگائی سے اکتائے ہوئے سفید پوش افراد کی سفید پوشی کے بھرم کے ملیامیٹ ہونے کا خدشہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار تاجر اور شہریوں نے نوائے وقت سروے کے دوران کیا شہری حکیم طارق قریشی اور مہر علی عدنان نے کہا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے سے نوکری پیشہ اور محنت کش طبقہ کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول نہ ممکن ہو گیا ہے۔ مہنگائی نے عوام کو خود کشیوں پر مجبور کر دیا گیا ہے۔ ملک میں سٹریٹ کرائم، چوری رہزنی، ڈکیتی کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں محکموں میں کرپشن عروج پر ہے اور حکمران اس افراتفری کی صورتحال میں عوام کے ریلیف کے لیے عملی اقدامات کے بجائے سب آچھا ہو جائے گا کی جھو ٹی تسلیاں دے رہے ہیں انجمن تاجران سورج میانی کے چیرمین کفایت حسین صدیقی،اور نائب صدر اعجاز صدیقی نے کہا کہ مارکیٹوں میں ہو کا عالم ہے اور تاجروں کیلئے دکانوں کے اخراجات پورے کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔ شہری ذوالقرنین صدیقی، حاجی واصف کھوکھر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں آٹا، گھی سبزیاں،گوشت، دالیں، دودھ دہی اور اشیائے ضرویات عام آدمی کی دسترس میں نہیں رہیں جسکی وجہ سے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں رہا، شہری سید قمر عباس شاہ چوہدھری عبدالعزیز نے کہا کہ زندگی بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے بچوں کے خشک دودھ کی قیمت میں 20 سے 30 فیصد اضافہ کر دیا گیاہے جو ظلم وزیادتی کی انتہا ہے۔
تاجر رہنما
مہنگائی سے جینا محال‘ حکمران طفل تسلیاں دے رہے ہیں: تاجر رہنما
Jun 05, 2022