کراچی (نیوز رپورٹر)کراچی ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت 17مئی 2022 سے شروع ہونے والے جماعت نہم و دہم سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات مکمل ہو گئے جبکہ جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے سالانہ امتحانات 13جون تک جاری رہیں گے۔ اس سال سائنس گروپ کے تقریبا3لاکھ 11ہزار 645 امیدواروں نے 445 امتحانی مراکز میں شرکت کی۔ جماعت نہم سائنس گروپ میں 1لاکھ 59ہزار 656 امیدوار اور جماعت دہم سائنس گروپ میں 1لاکھ 51ہزار 989 امیدواروں نے سالانہ امتحانات میں شرکت کی۔ ان امتحانات کے دوران چیئرمین بورڈ سید شرف علی شاہ،قائم مقام سیکریٹری بورڈو ناظم امتحانات، ڈپٹی سیکریٹری و دیگرافسران پر مشتمل ویجیلنس ٹیموں نے امتحانی مراکز کے دورے کئے۔ چیئرمین بورڈ سید شرف علی شاہ نے بتایا کہ صرف سائنس گروپ کے آخری پرچہ تک نقل میں ملوث410 امیدواروں کی رپورٹ بورڈ کے شکایتی سیل میں درج کی جا چکی ہے جن میں 406امیدوار نقل کے دوران اور 4افراد اصل امیدوار کی جگہ امتحان دیتے ہوئے پکڑے گئے جبکہ کئی امیدواروں سے موبائل فون بھی برآمد کئے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام کیسز بورڈ کی طرف سے بنائی گئی انفیئر مینز والی کمیٹی کے سپرد کئے جائیں گے۔چیئرمین بورڈ نے بتایاکہ اس سال نقل میں ملوث افراد کو خصوصی انتظامات کے باعث کا کھل کر موقع نہیں مل سکا امتحانات کے دوران تمام اداروں کا تعاون حاصل رہا۔ انہوں نے کہا کہ پر عزم امتحانات کا انعقاد، میڈیا، والدین، سینئر اساتذہ پر مشتمل ٹیموں اور بورڈ کے عملے کو جاتا ہے جن کی دن رات کوششوں نے ثابت کیا کہ شفاف امتحانات کرانا ناممکن نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جن امتحانی مراکز سے نقل اور دیگرمعاملات کی شکایات موصول ہوئی ہیں ان سینٹرز کو بلیک لسٹ کیا جائے گا۔ آئندہ امتحانات میں اور زیادہ بہتری لانے کیلئے مزید کام کیا جائے گا۔ چیئرمین میٹرک بورڈ نے بتایا کہ کاپیوں کی جانچ پڑتال کا کام بھی شروع ہو گیا ہے۔ جمعہ کے روز دہم جماعت سائنس گروپ کے آخری امتحان میں 37امیدوار نقل میں ملوث پائے گئے، تفصیلات کے مطابق قائم مقام سیکریٹری سید محمد علی شائق اور ڈپٹی سیکریٹری ڈاکٹر نوید احمد نے اورنگی ٹان کے امتحانی مرکز ابراہیم علی بھائی گورنمنٹ بوائز سیکنڈری سے 15 امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے پکڑا۔ تفصیلات کے مطابق عابد گرامر سیکنڈری اسکول اورنگی ٹان سے ویجیلنس ٹیم نے 5امیدوار، پرنس پبلک اسکول اورنگی ٹان سے ویجیلنس ٹیم نے 4 امیدوار، گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول آصف آ باد سے ویجلینس ٹیم نے 3، گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائی اسکول کورنگی سے ویجیلنس ٹیم نے 9امیدوارنقل کرتے ہوئے پکڑے جبکہ شام کی شفٹ میں گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول سے 1فرد اصل امیدوار کی جگہ نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔