اسلام آباد( این این آئی)پاکستان نے تاریخی شاہراہ ریشم کے ذریعے اپنی پہلی ٹرانزٹ کنسائنمنٹ قازقستان کیلئے روانہ کر دی ۔پہلی بار ٹرانزٹ کنسائنمنٹ نے پاکستان میں ایس آر ڈی پی سوست سے اپنے سفر کا آغاز کیاجو چین سے ہوتی ہوئی قازقستان میں اپنی آخری منزل تک پہنچے گی۔اس اقدام سے پاکستان، چین، کرغزستان اور قازقستان کے درمیان ٹریفک ان ٹرانزٹ ایگریمنٹ کی تاریخی پیشرفت ہوئی ہے۔کھیپ منتقل کرنے والے بیسٹ ٹرانس (پرائیویٹ )لمیٹڈ کے مالک رمیز علی ربانی نے کہا کہ گاڑی پانچ دنوں میں الماتے پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد سے کپڑوں کی کھیپ کوپائلٹ پراجیکٹ کے طورپر بھجوایا گیا ہے اور کامیابی کے بعد مزید کنٹینرز منتقل کیے جائیں گے۔کسٹمز کے اہلکار نے کہا کہ یہ تقریب علاقائی رابطوں کے ایک نئے باب کی نشاندہی کرتی ہے اور پاکستان کو وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارت کے لیے ایک اور راستہ بھی فراہم کرے گی۔