لاہور(نیوزرپورٹر©) وزیر ریلوے و ہوابازی سعد رفیق نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی ملکیت روز ویلٹ ہوٹل پاکستان کا اہم قیمتی اثاثہ ہے، اسے نیویارک سٹی ایڈمنسٹریشن انتظامیہ کو تین سال کے لیے لیز پر دیدیا ہے،حکومت پاکستان کا نیویارک سٹی انتظامیہ سے معاہدہ دستخط ہوگیا۔پی ٹی آئی کا بیانیہ تھا وہ پرہیز گار ہیں باقی سب چور ہیں۔جتنا نظام انہوں نے بدلا سب کو پتا ہے،ہم متقی باقی چور یہ جاہلانہ سوچ تھی جس نے پاکستان کو یہاں لاکر کھڑا کردیا۔سارا دن سیاست اور گالم گلوچ نہیں ہوسکتی جس نے جو کیا وہ بھرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جن ایئرلائن نے ہماری ایئرلائن سے جنم لیا وہ آگے نکل گئے،ہمارے ہاں ایوی ایشن انڈسٹری بڑی ہونی چاہیے،ایوی ایشن انڈسٹری ہمارے ہاں چھوٹی سی ہے۔حکومت کا کام ریگولیٹ کرنا ہے بزنس کرنا نہیں۔ شفافیت کے ساتھ پرائیویٹ سیکٹر کو آگے لانا ہے۔