لاہور(خصوصی نامہ نگار ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر میں خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ قرآن مجید ثواب نہیں ،عمل کی کتاب ہے۔ پس کتاب الٰہی کوپڑھو ، سمجھو اور عمل کرو۔ اسی طرح اہل بیت اطہار کی سیرت کوبھی پڑھو ، سمجھو اور عمل کرو۔ صرف نعرے لگانے اور خالی محبت کے دعوے کافی نہیں۔ محبت اہل بیت وہی ہوتی ہے کہ جو ہمیں کھینچ کر ان کے پیچھے اس طرح لے جائے کہ ہم ان کے دامن سے چمٹے ہوئے ہوں۔ وہ حرکت کر رہے ہوں تو ہم اگر گھسیٹتے ہوئے بھی جائیں تب بھی ان کے دامن کو نہ چھوڑیں تو یہ ہے حقیقی محبت۔ اگر یہ چیز ہم اپنے اندر پیدا کر لیں تو ہم کامیاب اور کامران ہیں۔ ہم نے معصوموں کا دامن تھاما ہے۔ قرآن مجید بھی معصوم اور اہل بیتؓ بھی معصوم ہیں۔ اسی طرح قرآن مجید بھی حق اور اہل بیت بھی حق ہیں۔ قرآن مجید کا نزول بھی اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہوا اور آئمہ معصومین بھی معین کرنے والا اللہ ہی ہے۔ امام بنانے والا اللہ ہے۔ " قد جاءکم من اللہ نور و کتاب مبین؛ اے لوگو!اللہ تعالیٰ کی طرف سے تمھاری طرف دو چیزیں آئی ہیں، ایک نور آیا ہے اور ایک کتاب مبین آئی ہے۔ کتاب مبین بھی معصوم ہے، حق ہے اور نور بھی معصوم ہے ، حق ہے۔ معصوم ہمارے ہاں صرف چودہ ہیں۔