لاہور (خصوصی نامہ نگار ) حکمرانوں نے غریب عوام کا سکون چھین لیا ہے۔ اندرونی کشمکش میں ملک کمزور ہو رہا ہے۔ تمام سیاست دان حب الوطنی کا مظاہرہ کریں۔ یہ بات جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے جماعت اہل حدیث لاہور کے امیر مولانا حافظ امجد اقبال گھمن کی قیادت میں جامعہ القدس چوک دالگراں میں آنیوالے علماءاور عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا بشیر سلفی پروفیسر عبد المجید قاری محمد فیاض مولانا عبدالظاہر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کے سیلاب میں عوام کو ڈبو دیا ہے۔ پاکستان میں امن اور استحکام کیلئے تمام دینی اور سیاسی جماعتوں کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ معیشت برباد اور مہنگائی عروج پر پہنچ چکی ہے کیونکہ ہم اسلام کے اصولوں کے خلاف سودی نظام کے پیروکار ہو چکے۔ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کے احکامات کی مخالفت کرنے والے کسی طرح سکون نہیں پا سکتے۔ اندرونی انتشار سے دشمن فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہاہے۔ ہمارا ازلی دشمن بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کو مسلسل پامال کر رہا ہے۔ عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے مودی کے ظلم بڑھتا ہوا دیکھ رہے ہیں ۔حکومت سے مطالبہ ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے سنجیدہ کوشش کرے۔
حکمرانوں نے غریب عوام کا سکون چھین لیا ہے:عبد الغفار روپڑی
Jun 05, 2023