لاہور ( خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں 50 فیصد کی منظوری مہنگائی کی پسی عوام کا معاشی قتل ہے۔ اوگرانے ملک بھر میں صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے کر عوام دشمنی کا ثبو ت دیا ہے۔ بجٹ سے پہلے ظالم حکومت نے غربیوں پر مہنگائی کے کوڑے برسنا شروع کردیئے ہیں۔ گیس کے بلوں میں اضافہ کے ساتھ اسکی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ گیس کی طلب اور رسد کے توازن کے فرق کی وجہ سے سوئی ناردرن کی جانب سے گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ مہنگی ایل پی جی سمیت دیگر متبادل ذرائع کے استعمال سے شہریوں کی قوت خرید بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے احمد نگر، پنجاب سوسائٹی کالج روڈ اور اس سے ملحقہ آ بادیوں اور دیگر وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔