لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) نے دودھ کے عالمی دن کے موقع پر دودھ کے بارے میںآگاہی سیمینار اور سیشنز منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ لاہور اور اس کے نواحی علاقوں کے طلباء میں دودھ کے 15,000 پیک تقسیم کئے۔ آگاہی سیمینار یکم جون 2023 کو لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں ہوا، جس کی میزبانی پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شہزاد امین نے کی۔ اس تقریب میں متعلقہ سرکاری افسران، معززین اور سٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے نمایاں مقررین میں پنجاب کے نگران وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم، وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا شامل تھے۔ تقریب میں مختلف موضوعات پر پریزنٹیشنز بھی دی گئیں۔ فوجی فوڈز لمیٹڈ کے کوالٹی اینڈ ریگولیٹری افیرز کے سربراہ راؤ ایم عمران نے (Safe Dairy Nutrition Makes a Strong Nation)کے موضوع پر رائے پیش کی جبکہ پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے منیجر آپریشنز ڈاکٹر زبیر احمد نے ’’دودھ کو متاثر کرنے والے عوامل‘‘کے بارے میں بتایا۔ یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور میں ملک ویلیو چین کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمدجنید نے’’ڈیری بطور صحت بخش خوراک‘‘ کے موضوع پر ایک پریزنٹیشن دی۔ ہیڈ آف جینڈر اینڈ ڈویلپمنٹ اسٹڈیزڈاکٹر عظمیٰ عاشق خان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔