108 کلومیٹر ٹرانسمیشن لائن فعال‘ سندھ‘ بلوچستان کو بجلی فراہمی میں بہتری آئیگی

Jun 05, 2023

لاہور (نیوز رپورٹر) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) نے ساؤتھ ریجن میں نئی 108 کلومیٹر طویل 220 کے وی گدو شکار پور ٹرانسمیشن لائن کو مکمل کر کے انرجائز کر دیا ہے۔ اس ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل پاکستان کے جنوبی علاقوں خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں بجلی کی فراہمی کی صورت حال میں بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ گدو -شکار پور ٹرانسمیشن لائن کو 13,108,994 امریکی ڈالر مع 1,630,460,035 روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ اس منصوبے سے آپریشنل مسائل اور ترسیلی نظام میں رکاوٹوں کو ختم کرنے میں مدد ملے گی جو پرانی ٹرانسمیشن لائن کی وجہ سے حائل ہو رہی تھیں۔ یہ اہم ترین منصوبہ گدو -شکار پور کے درمیان کنکشن کو مستحکم کرے گا جس سے بجلی کے ترسیلی نظام میں مزید استحکام آئے گا۔ قبل ازیں یہاں 220 کے وی گدو -سبی سنگل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن کام کر رہی تھی جو 1977 میں تعمیر کی گئی تھی، اس کے پی سی سی اور سٹیل ٹاورز کمزور ہوچکے تھے۔ اپنی تعمیر سے اب تک 40 سال کے عرصے کے دوران اس ٹرانسمیشن لائن کو کم استعداد کے باعث متعدد بار اْچ پاور پلانٹ سے بجلی کی ترسیل میں آپریشنل چیلنجز کا سامنا رہا۔ بجلی کی ترسیل کرنے والے سب سے بڑے ادارے کے طور پر، این ٹی ڈی سی نے اس منصوبے کو ملک کے بجلی کی ترسیل کے ڈھانچے میں بہتری لانے کے اپنے عزم کے ایک حصے کے طور پر لیا۔

مزیدخبریں