فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جیل افسران و اہلکاروں کو کیش ایوارڈ اور اعزازیہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیل کے مطابق جیل خانہ جات پنجاب کے 800 افسران و اہلکاروں کو 1 کروڑ روپے سے زائد رقم کیش ایوارڈ کی مد میں دی جائے گی۔ عیدالفطر کی چھٹیوں میں ملاقاتوں اور واچ ٹاورز پر ڈیوٹی دینے والے اہلکار اور آفیسر انعام کے حقدار ٹھہرے ہیں۔ سنٹرل جیلوں سے 210 افسران و اہلکار بھی اچھی کارکردگی پر انعام پانے والوں میں شامل ہیں۔ اسسٹنٹ سپرٹینڈنٹ جیل کو 10 ہزار، چیف وارڈر کو 8 ہزار، ہیڈ وارڈر کو سات ہزار اور وارڈر کو پانچ ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ فیصل آباد سے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ حافظ کامران اور ٹوبہ سے ارسلان انور بھی انعام پانے والوں میں شامل ہیں۔ ڈسٹرکٹ فیصل آباد کے دس وارڈر بھی اچھی کارکردگی پر انعام کے حقدار قرار پائے ہیں۔