سابق ایم پی اے سبین گل کا سیاست چھوڑنے، شازیہ عباس کا پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان

ملتان:  پاکستان تحریک انصاف کی سابق ایم پی اے سبین گل نے سیاست چھوڑنے اور شازیہ عباس نے پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور ارکان اسمبلی کی جانب سے پارٹی کو خیرباد کہنے کا سلسلہ جاری ہے، ابتک درجنوں اہم رہنما اور سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی قافلے سے الگ ہوگئے ہیں۔ملتان سے سابق ایم پی اے سبین گل نے سیاست سے کنارہ کشی کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ پر امن سیاست کی ہے، کبھی جلاؤ گھیراؤ کا حصہ نہیں رہی، 9 مئی کو ہونیوالے جلاؤ گھیراؤ کی مذمت کرتی ہوں. میری صحت اجازت نہیں دیتی کہ سیاست کو جاری رکھ سکوں۔

دوسری جانب پی پی 222 سے ٹکٹ ہولڈر شازیہ عباس نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔شازیہ عباس کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں. 9 مئی کو عمرہ ادائیگی کیلئے گئی ہوئی تھی. دفاعی تنصیبات پر حملے دیکھ کر بہت دکھ ہوا. املاک کو نقصان پہنچانا کسی مذہب یا معاشرے کو زیب نہیں دیتا.

ادھر رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاداعوان نے بھی تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاداعوان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے مجھے بے پناہ عزت دی، سب کا مشکور ہوں، بغیر کسی دباؤ کے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں، چیئرمین پی ٹی آئی سے بہت سی امیدیں تھیں، علیحدگی کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔ملک شہزاد کا کہنا تھا کہ جلاؤ گھیراؤ میں ملوث افراد کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو، عبرت ناک سزاملنی چاہیے، 9 مئی کے واقعات قابل مذمت ہیں، افواج پاکستان قوم کی محافظ ہے، 9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف میں رہنا ناممکن تھا، اپنی پاک فوج کیساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن