لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ صوبے کی تمام ہائی ویز پر پی ایچ پی کی ٹیمیں عوام کی جان و مال کے تحفظ، حادثات کی روک تھام، ٹریفک کی ہموار روانی اور قوانین کی پاسداری کیلئے اپنے فرائض تندہی سے ادا کررہی ہیں، پی ایچ پی ٹیمیں اپنے بیٹ ایریاز میں فیلڈ پٹرولنگ کو مزید موثر بنائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے پنجاب ہائی وے پٹرول کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو جاری کیں۔ پنجاب ہائی وے پٹرول ہیڈکوارٹرز نے ماہِ مئی 2024 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، شاہرات پر بذریعہ ای پولیس پوسٹ ایپ 3.14 ملین افراد کو چیک کیا، دورانِ چیکنگ 529 اشتہاری مجرمان/ عدالتی مفروران کو گرفتار کیا۔ شاہرات پر 1.60 ملین گاڑیوں کو چیک کیا گیا، 267 چوری شدہ گاڑیاں،موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ 2 لاکھ 73 ہزار 8 سو 15 ای چالان کیے گئے۔ ایکسل لوڈ کی خلاف ورزی پر 1 لاکھ 32 ہزار 3 سو 05 اوور لوڈڈ گاڑیوں کے چالان کیے، جرمانے کی مد میں 112 ملین کی رقم خزانے میں جمع کروائی گئی۔ گیس سلنڈر کے غیر قانونی استعمال پر 1171 گاڑیوں کیخلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ 11 ہزار 6 سو 62 ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، 87 گمشدہ بچوں کو والدین سے ملوایا گیا، 651 عارضی و مستقل تجاوزات کو ختم کر کے ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنایا گیا۔ 9347 مسافروں کو مختلف نوعیت کی مدد و راہنمائی فراہم کی گئی۔ پولیس خدمت مراکز پر 6060 شہریوں کو مختلف پولیسنگ خدمات فراہم کی گئیں۔