غزہ، 40 فلسطینی شہید: جوبائیڈن کے روڈ میپ کی حمایت کیلئے سلامتی کونسل میں قرارداد پیش

تل ابیب، غزہ؍ جنیوا (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) غزہ پر اسرائیلی افواج کے جارحانہ حملوں میں مزید40 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔ اسرائیلی ٹینکوں نے خان یونس اور شمالی غزہ کے علاقے شجاعیہ میں پیش قدمی شروع کر دی ہے جبکہ اسرائیلی طیاروں کی خان یونس اور شمالی غزہ کے مکانات پر بمباری سے خواتین بچوں سمیت 10فلسطینی شہید ہوئے۔ ادھر رفح میں بھی اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری رہا۔ حزب اللہ نے اسرائیلی علاقے کریاست شمونہ میں راکٹ فائر کئے آگ لگ گئی، جرمنی میں اقوام متحدہ کی ماحولیاتی  کانفرنس میں فلسطین کے حامیوں نے مظاہرہ کیا۔ نسل کشی کے دوران کاروبار نہیں کا بینر اٹھا کر سٹیج پر چڑھ گئے۔ فلسطینی اتھارٹی نے بین الاقوامی عدالت انواف میں جنوبی افریقہ کی طرف سے مقدمہ میں فریق بننے کی درخواست دائر کر دی۔ امریکہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں  گزشتہ روز ایک ایسا مسودہ  قرارداد پیش کیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صدر جوبائیڈن کے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے لیے پیش کردہ مسودے  کی حمایت کی جائے۔ یہ  مسودہ  امریکی صدر نے پچھلے ہفتے پیش کیا تھا اور حماس پر زور دیا تھا کہ اسے قبول کر لے۔ امریکی سفیر برائے اقوام متحدہ لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے اس موقع پر کہا کہ اس روڈ میپ کی کئی رہنما اور حکومتیں حمایت کر چکی ہیں۔ ان میں خطے کے رہنما اور حکومتیں بھی شامل ہیں۔ اسرائیل کے حکمران اتحاد کی انتہا پسند جماعت شاس پارٹی نے یرغمالیوں کی رہائی کیلئے ہر معاہدے کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے امریکی جریدے  سے گفتگو میں کہا ہے کہ غزہ پٹی میں فوری جنگ بندی کیلئے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم سیاسی ساکھ بچانے کیلئے غزہ میں جنگ کو طول دے رہے ہیں۔ اسرائیل فورسز کی جانب سے غزہ میں جنگی جرائم کے ٹھوس ثبوت نہیں ہیں۔ غزہ پٹی میں جنگ بندی پر عملدرآمد نہ کرنے کی ذمے داری حماس پر عائد ہوتی ہے۔ متعدد عرب ممالک کے دو ریاستی حل پر عملدرآمد پر غزہ کی سکیورٹی اور تعمیر نو میں حصہ لینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ای پیپر دی نیشن