لاہور (نامہ نگار+ نوائے وقت نمائندگان+ آئی این پی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی صوبہ بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں بجلی چوروں کے خلاف 99 ہزار 700 سے زائد مقدمات درج کر لئے۔ صوبہ بھر سے بجلی چوری میں ملوث 71 ہزار 600 سے زائد ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔ بجلی چوری کے 69 ہزار 500 سے زائد مقدمات کے چالان مکمل کئے گئے۔ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے 17 ہزار 800 ملزموں کو سزائیں اور جرمانے کروائے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ہر ضلع میں 660 پولیس اہلکار بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ فیسکو ریجن کے آٹھ اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ہے۔ چھ آپریشن سرکلز میں بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں کے دوران گزشتہ روز مزید 36بجلی چور پکڑے گئے جن کو 63ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 14لاکھ 81ہزار سے زائدکا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ فیسکو ریجن میں بجلی چوری کے خلاف جاری خصوصی مہم میں 269 روز میں کل 8632 بجلی چور پکڑے گئے جن کو 2 کروڑ 8لاکھ سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 88کروڑ 36لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیا گیا ہے۔ پیر محل میں 2صارفین بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ میپکو ترجمان کے مطابق چوبیس گھنٹوں میں مزید100 افراد بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے۔65 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ بجلی چوروں کو 77 لاکھ83 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیاگیا۔ میپکو ترجمان کے مطابق بجلی چوروں سے5 لاکھ65 ہزار روپے جرمانہ وصول کر لیا گیا ہے۔