اسلام آباد (وقائع نگار) الیکشن کمشن نے اسلام آباد کے 3 حلقوں کے الیکشن ٹریبونل کی تبدیلی کی درخواستیں سماعت کیلئے منظور کر لیں۔ الیکشن کمشن نے اسلام آباد کے قومی اسمبلی کے ٹریبونل ججز کی تبدیلی سے متعلق مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی درخواستیں قابل سماعت قرار دے دیں۔ الیکشن کمشن حکام کے مطابق درخواستوں پر سماعت 6 جون کو کی جائے گی۔ فریقین کو نوٹسز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ الیکشن کمشن نے الیکشن ٹریبونل ججز کی تبدیلی کی درخواستوں پر فیصلہ جاری کیا، الیکشن کمشن نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ واضح رہے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تھی۔ درخواست گزار طارق فضل چودھری کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ کوڈ آف سول پراسیجر (سی پی سی) کے مطابق ٹریبونل الیکشن کمشن کے اختیارات کے ماتحت ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ کس قانون کے تحت کارروائی روکی جا سکتی ہے؟ آپ نے تبادلے کا تو کہا ہے، وکیل نے جواب دیا کہ سی پی سی کے تمام اختیارات الیکشن کمشن کے پاس ہیں، الیکشن ایکٹ کے مطابق الیکشن کمشن جتنے چاہے ٹربیونل قائم کر سکتا ہے۔ ہائی کورٹ کا رجسٹرار دفتر کیسے ان درخواستوں کو لے سکتا ہے؟ ٹریبونل کی جانب سے کس طرح کارروائی کی گئی یہ ہی کافی ہے۔ ٹریبونل تبدیلی کے لیے، کس قانون کے تحت ٹریبونل نے ہدایات کی کہ یہ ثبوت لے کر آئیں؟۔ الیکشن کمشن نے معاملے پر فیصلہ محفوظ کر لیا اور کہا کہ 2 گھنٹے بعد فیصلہ سنایا جائے گا۔ بعدازاں الیکشن کمشن نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اسلام آباد کے 3 حلقوں کے ٹریبونل ججز کی تبدیلی سے متعلق مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی درخواستیں قابل سماعت قرار دے دیں۔