لاہور+پشاور(اے پی پی+نوائے وقت رپورٹ) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں 6جون تک طوفانی بارش کا امکان ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع منڈی بہاوالدین،گجرات،گوجرانوالہ ‘حافظ آباد،سیالکوٹ ،نارووال، خوشاب،سرگودھا ، میانوالی،لاہور ،قصور ،اوکاڑہ،فیصل آباد،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں شدید بارش کے علاہ بعض علاقوں میں طوفان کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نیوزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق محکمہ صحت ، آبپاشی ، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ ،لایئو سٹاک ،انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، واسا ،پنجاب پولس اور سول ڈیفنس کو بھی موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ دریں اثنا ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ لوگ آسمانی بجلی سے بچا کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں اورایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔پشاور میں تیز آندھی سے پولیس لائنز میں درخت گرنے سے پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ پشاور میں آندھی کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ تیز آندھی کی وجہ سے حیات آباد اور حمرود گرڈ سٹیشن میں فالٹ آ گیا۔ گزشتہ روز بھی آندھی اور بارش سے 400 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے تھے۔
پشاور، آندھی سے پولیس لائنز میں درخت گر گیا، اہلکار جاں بحق
Jun 05, 2024