لاہور (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف کی بلے کا انتخابی نشان واپس لینے کے الیکشن کمشن کے اختیار پر لارجر بنچ بنانے کی سفارش کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو بلے کا انتخابی نشان واپس کرنے اور نئے انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف الیکشن کمشن کی کارروائی روکنے کی درخواست لارجر بنچ کو بھجوانے کیلئے فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی۔ اس حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس عابد عزیز شیخ نے ریمارکس دیئے کہ ’ابھی تک تو الیکشن کمشن نے آپ کے خلاف کوئی حکم جاری نہیں کیا، صرف نوٹس ہے، ان ریمارکس کے ساتھ ہی عدالت نے درخواست کو لارجر بنچ کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ جسٹس عابد عزیز شیخ نے اس حوالے سے کہا کہ ’اسی نوعیت کی درخواست پہلے سے لارجر بنچ کے پاس زیر سماعت ہے، درخواست گزار کے مطابق معاملہ اہم نوعیت کا ہے اور آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔ اس لیے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مناسب احکامات کے بعد درخواست کو لارجر بنچ کے پاس بھجوا دیں اور لارجر بنچ ہی درخواست پر عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق فیصلہ کرے گا‘۔