حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فاربوائز حافظ آباد میں 90 لاکھ روپے سے زائد کا فراڈ۔ سینئر کلرک اور پرنسپل کی مبینہ ملی بھگت سے سینکڑوں طلبہ کی فیسیںاور مختلف گرانٹس کی رقوم ہڑپ کر لی گئیں۔ محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے سینئر کلرک کومعطل کردیا جبکہ تمام کرداروں کا تعین کرنے کیلئے اعلیٰ افسران پرمشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل کالج کے فنڈز سے 90 لاکھ روپے سے زائد کا گھپلا سامنے آنے پر ضلع بھر کے تعلیمی حلقوں کے ساتھ ساتھ سینکڑوں طلبہ اور انکے والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جس پر محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے کلرک عمران صدیق کو معطل کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایڈمن کالجز پنجاب کی سربراہی میں دورکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو تمام کرداروں کا تعین کر کے رپورٹ بھجوائے گی۔ اس سلسلہ میں محکمہ اینٹی کرپشن نے بھی انکوائری شروع کردی۔ جب پرنسپل شہباز بھٹی سے رابطہ کر کے موقف لینے کی کوشش کی گئی تو وہ لیت ولعل سے کام لیتے رہے۔ او رساتھ ہی فون بند کرگئے۔ جبکہ معطل ہونے والے سینئر کلرک محمد عمران صدیق کا کہنا تھا کہ جس کے پاس ڈی ڈی اوز پاورز ہیں وہ اس فراڈ اور گھپلے کاذمہ دار ہے۔
حافظ آباد : گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فاربوائز میں لاکھوں کافراڈ‘ سینئر کلرک معطل
Jun 05, 2024