واشنگٹن(این این آئی)امریکی کانگریس کی خاتون رکن اورکانگریشنل پاکستان کاکس کی بانی اور شریک چیئرپرسن شیلا جیکسن لی کو کینسرلاحق ہو گیا ۔ انہیں لبلبے کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔ 74سالہ امریکی سیاستدان شیلا جیکسن لی جو ماضی میں چھاتی کے کینسر کی بیماری میں بھی مبتلا رہ چکی ہیں، انہوں نے پانے بیان میں لبلبے کا کینسر لاحق ہونے کہ اطلاع دی تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کا کینسر کس سٹیج پر ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے جاری بیان میں کہا کہ وہ اپنا علاج کروا رہی ہیں اور آنے والے دنوں میں کانگریس سے غیر حاضر رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی غیر موجودگی میں ان کا دفتر اہم خدمات فراہم کرتا رہے گا ۔محترمہ جیکسن لی نے مخصوص قانون سازی کا نام لیے بغیر کہا کہ وہ اس قانون سازی پر جو امریکی عوام کی خوشحالی اور سلامتی کے لیے اہم ہیں، ووٹ کے لیے حاضر رہنے کے لیے پرعزم ہیں۔