وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے ، پاکستان کی کرنسی چند ماہ میں مستحکم ہوئی ،حکومت کی اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر توجہ مرکوز ہے۔شینزن میں پاک چائنہ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ مہنگائی پاکستان میں بڑا مسئلہ ہے، پاکستان میں مہنگائی ہے جس سے انکار نہیں، حکومت پاکستان نے مہنگائی میں کمی کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے ہیں جس کے باعث مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آ ئی ہے ،پاکستان میں معاشی اشاریے درست سمت میں جارہے ہیں، رواں سال کرنٹ اکائونٹ خسارہ ایک ارب ڈالر سے کم رہے گا۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 38سے کم ہوکر 11فیصد تک آگئی ہے، اشیائے خور و نوش کی قیمتیں تیزی سے کم ہو رہی ہے، شرح سود کے معاملے پر ہمیں رواں سال دیکھنا ہوگا۔ا نہوںنے کہا کہ پاکستان کی کرنسی چند ماہ میں مستحکم ہوئی ہے، حکومت کی اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر توجہ مرکوز ہے۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ دنیا میں ٹیکنالوجی پر انحصار کا رجحان بڑھ رہا ہے، ٹیکنالوجی کا استعمال ہر شعبے کے لئے مو ثرثابت ہو رہا ہے۔