صدرِ مملکت آصف علی زرداری کاعالمی یومِ ماحولیات پر پیغام

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لئے پر عزم ہیں ،پاکستان میں پائیدار زمینی انتظام اور آبی تحفظ کے طریقے فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ عالمی یومِ ماحولیات پر جاری کئے گئے پیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ زمین کی پیداواری صلاحیت میں کمی اور بنجر پن جیسے مسائل پر آگاہی کے لئے عالمی یومِ ماحولیات منا رہے ہیں، پاکستان کا شمار ماحولیاتی تغیرات کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں ہوتا ہے۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کو سیلاب، خشک سالی، شدید گرمی اور جنگلات میں آتشزدگی جیسے واقعات کا سامنا کرنا پڑا، عالمی یومِ ماحولیات کا موضوع زمین کی بحالی، بنجر پن کی روک تھام اور خشک سالی سے بچائوہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اس دن کا مقصد آئندہ نسلوں کی خاطر ماحولیاتی تحفظ کی ہماری مشترکہ ذمہ داری کو اجاگر کرنا ہے، پاکستان ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لئے پر عزم ہے۔صدرِ آصف علی زرداری نے کہا کہ گرین پاکستان پروگرام جیسے اقدامات کی بدولت جنگلات اور ماحولیاتی نظام کی بحالی میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، دیہی و شہری رہائشی علاقوں میں جنگلات کے فروغ کے لئے کمیونٹی کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی۔انہوںنے کہا کہ پاکستان میں پائیدار زمینی انتظام اور آبی تحفظ کے طریقے فروغ دینے کی ضرورت ہے، یقین ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے پر توجہ ماحولیاتی تحفظ یقینی بنانے کے لیے اہم ثابت ہو گی۔

ای پیپر دی نیشن