شینزن: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں و کاروباری شخصیات کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔وزیرِاعظم شہباز شریف سے چینی کمپنی ٹرانشیئن ہولڈنگز کے بانی و چیئرمین ژو ژاؤجیانگ نے شینزن میں ملاقات کی. چینی کمپنی نے پاکستان میں اپنے موبائل بنانے کے یونٹ میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے وفاقی وزراء اور پاکستان کے چین میں سفیر کو ٹرانشیئن ہولڈنگز کے ساتھ مل کر جلد ایک لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی، وزیرِ اعظم نے چینی کمپنی کو پاکستان میں مقامی سطح پر اشیاء تیار کرکے پاکستان سے بیرونِ ملک برآمد کرنے کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں ٹرانشیئن ہولڈنگز کے چیئرمین نے وزیراعظم کو کمپنی کے پاکستان میں موجودہ آپریشنز، عالمی سطح پر کمپنی کی برآمدات اور پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔چیئرمین ٹرانشیئن ہولڈنگز نے وزیراعظم کو بتایا کہ کمپنی کا پاکستان میں موبائل فونز کی تیاری کے حوالے سے پہلے سے ایک یونٹ قائم ہے جس میں 5 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے، کمپنی پاکستان میں موبائل فونز کے حوالے سے اپنی سرمایہ کاری میں وسعت میں گہری دلچسپی رکھتی ہے. جس سے موبائل فونز کی تیاری کے بعد پاکستان سے انکی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں و کاروباری شخصیات کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے. پاکستان کے پاس ہر قسم کے وسائل ہیں، ہماری سب سے بڑی طاقت ہماری نوجوان افرادی قوت ہے۔
واضح رہے کہ ملاقات کے موقع پر وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان، جام کمال، عطاء اللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ بھی موجود تھیں۔