اسلام آباد : پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہائبرڈ وائبریٹ نظام نے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کردیں۔پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سیکرٹریٹ غیر قانونی طور پر سیل کیا گیا تھا. اسلام آباد ہائی کورٹ کے آرڈر کے باوجود سی ڈی اے انکاری ہے .جس کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سخت طبیعت کے شخص ہیں. میں ایف آئی اے سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہ ہم سے تحقیقات کس چیز پر کرنا چاہتے ہیں، حالانکہ ایف آئی اے کی کرپشن اور ان کی کارکردگی کی باتیں ساری دنیا میں مشہور ہیں۔عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہمارے جلسے کیلئے روات میں جو جگہ حکومت نے مختص کی تھی وہ بنتی ہی نہیں ، وہ جگہ اسلام آباد سے 30 کلومیٹر دور ہے، مین سری نگر ہائی وے پر مولانا فضل الرحمان نے جلسہ کیا تھا وہ ہمیں ملنی چاہیے، اسلام آباد میں ترنول سمیت باقی مقامات ہیں۔سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم کیسز کا مقابلہ کریں گے اور ان میں بری ہوں گے، صنم جاوید،عالیہ حمزہ کو کل شام تک انہوں نے جیل میں ہی رکھا ہوا ہے. ان کی روبکار تیار ہیں جبکہ ایس پی جیل خانہ جات واضح طور پہ کہہ رہے ہیں میرے اوپر پریشر ہے میں چھوڑ نہیں سکتا۔عمر ایوب کا کہنا تھا کہ جیل خانہ جات کے افسر پر کس چیز کا پریشر ہے، کوئی اڑن طشتری خلائی مخلوق آکر جیل کے اوپر بیٹھی ہے، کون پریشرائز کر رہا ہے، اس پر بات کریں انہوں نے مزید کہا تھا کہ یہ کوئی بنانا ری پبلک ہے ، اس حکومت کی تبدیلی کو ہم نہیں مانتے ہیں. ہائبرڈ نظام نے پاکستان کی بنیادوں کو دیمک کی طرح چاٹ لیا ہے۔
ہائبرڈ نظام نے پاکستان کی بنیادوں کو دیمک کی طرح چاٹ لیا ہے: عمر ایوب
Jun 05, 2024 | 21:52