برطانوی بچے کو اغواءکرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا: سجاد کریم

لندن (آصف محمود سے) برطانیہ کے پہلے مسلمان رکن یورپی پارلیمنٹ اور کنزرویٹو پارٹی کے سینئر رہنما سجاد کریم نے کہا ہے کہ کہیں بھی برطانوی یورپی شہری کو اغواءکرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ روزنامہ نوائے وقت / دی نیشن کے ساتھ برسلز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے سجاد کریم نے کہا کہ جہلم سے اغواءہونے والا 5 سالہ بچہ ساحل سعید ان کے انتخابی حلقے سے تعلق رکھتا ہے۔ سجاد کریم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے جرائم پیشہ افراد کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ برطانوی و یورپی شہریوں کے ساتھ اغواءقتل اور ڈکیتی سمیت کوئی بھی واقع پیش آیا تو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ممبر یورپی پارلیمنٹ نے کہا کہ وہ ساحل سعید کے اغواءکے حوالے سے پاکستانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اب تک کی کارروائی سے مطمئن ہیں۔ سجاد کریم نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ بیرون ملک سے پاکستان جانے والے لوگوں کے ساتھ ہی اکثر ایسے واقعات پیش آتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کرے۔

ای پیپر دی نیشن